فیلڈ مارشل کی دعوت پر لبنانی آرمی چیف کا دورۂ پاکستان، جنگ بندی پر اہم پیش رفت متوقع

Free Online Image Converter Tool All Formats (JPG, WEBP, PNG, ICO, GIF, SVG)

لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہیکل اور فیلڈ مارشل عاصم منیر
لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہیکل اہم سرکاری دورے پر پاکستان پہنچنے والے ہیں، یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں جاری ہیں اور پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں اور ثالثی کی کوششوں میں مصروف ہے۔

لبنانی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل روڈولف ہیکل پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دعوت پر پاکستان روانہ ہوئے۔ تاہم لبنانی فوج کی جانب سے دورے کے دورانیے اور ملاقاتوں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

یہ دورہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لبنان اور اسرائیل کے درمیان اپریل کے وسط میں ہونے والی جنگ بندی شدید دباؤ کا شکار ہے۔ لبنانی حکام کے مطابق 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار 593 افراد ہلاک جبکہ 10 ہزار 990 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان خطے میں سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں بھی سرگرم ہے۔ مبصرین کے مطابق لبنان کی صورتحال، ایران امریکا مذاکرات اور خطے کے دیگر تنازعات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

حال ہی میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ لبنان میں مستقل جنگ بندی ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی ممکنہ معاہدے کا اہم حصہ ہے۔ تاہم لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے ایران پر زور دیا کہ جنوبی لبنان کو واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات میں سودے بازی کے آلے کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے رواں سال 28 فروری کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں شروع کی تھیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا۔ ایرانی حکام کے مطابق اس تنازع میں ایران میں تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ تہران نے امریکی اور اسرائیلی اہداف کے خلاف جوابی حملے بھی کیے۔

پاکستان کی ثالثی سے 8 اپریل کو عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی تھی، تاہم چند روز بعد مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے۔ بعد ازاں امریکا نے ایران کی بندرگاہوں، خصوصاً آبنائے ہرمز کے قریب واقع تنصیبات پر پابندیاں اور دباؤ بڑھا دیا۔

ادھر امریکا، لبنان اور اسرائیل نے حال ہی میں واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تھا، جس میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو مضبوط بنانے اور سرحدی کشیدگی کم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق لبنانی آرمی چیف کا دورۂ پاکستان خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔



from Urdu News | پاکستان کی خبریں https://ift.tt/dx9gXJF

Free Online Image Converter Tool All Formats (JPG, WEBP, PNG, ICO, GIF, SVG)

0 Comments